ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / اندرا کینٹین میں فراہم ہونے والی غذا کا معیار بہتر ہے : کمشنر معیار کی جانچ کیلئے علاحدہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بی بی ایم پی کے زیر غور

اندرا کینٹین میں فراہم ہونے والی غذا کا معیار بہتر ہے : کمشنر معیار کی جانچ کیلئے علاحدہ کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بی بی ایم پی کے زیر غور

Wed, 01 Aug 2018 12:39:44    S.O. News Service

بنگلورویکم (ایس او  نیوز) شہر کی اندراکینٹین میں پائی جانے والی خامیوں کو دور کرنے کی غرض سے ایک کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ بروہت بنگلورو مہانگر پالیکے (بی بی ایم پی) کے زیر غور ہے۔ حال ہی میں اندرا کینٹین میں فراہم کی جانے والی غذائی اشیاء کے معیار اور ذائقہ کے متعلق شکایات موصول ہورہی ہیں۔ اس کے ساتھ ہی اندرا کینٹین کے نام پر بدعنوانیاں ہونے اور کم افراد کو غذائی اشیاء فراہم کرکے زیادہ بل وصول کرنے کے متعلق کونسل میٹنگ میں آواز اٹھائی گئی ۔ کارپوریٹروں کی طرف سے اندرا کینٹین کے متعلق پیش کی گئی شکایات پر غور کرنے کے بعد میئر سمپت راج نے کمیٹی تشکیل دے کر کینٹین کے سدھار کیلئے مناسب اقدامات کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ۔ بی بی ایم پی سنٹر آفس میں گزشتہ روز جیسے ہی میٹنگ شروع ہوئی اس کے فوری بعد پالیکے میں حکمران پارٹی لیڈر ایم شیوراجو نے سب سے پہلے اسی موضوع پر بحث شروع کی اورمطالبہ کیا کہ اندرا کینٹین کیلئے غذائی اشیاء فراہم کرنے والے کنٹراکٹروں کے بقایا جات فوراً ادا کریں ۔ اس کے ساتھ ہی اندرا کینٹین کے کھانے کے متعلق جو شکایات موصول ہورہی ہیں اس کو درست کریں ۔ ایم شیوراجو کی باتوں پر غور کرنے کیلئے میئر سمپت راج نے بتایا کہ کینٹین میں جو غذا فراہم کی جارہی ہے وہ معیاری ہے ۔ کمشنر کئی کینٹین کا دورہ کرکے وہاں فراہم کی جانے والی غذا کے معیار کی جانچ بھی کرچکے ہیں ۔ درمیان میں مداخلت کرتے ہوئے بی جے پی کے پدمانابھ ریڈی نے بتایا کہ وہ اندرا کینٹین کے معاملہ میں سیاست نہیں کریں گے ۔ حکومت کی طرف سے اگر ہزار کینٹین قائم کرنے کی صورت میں بھی وہ اس کی بھرپور حمایت کریں گے لیکن کینٹین میں فراہم کی جانے والی غذا کی گنتی پر شبہ ہے اس لئے کینٹین کے معاملہ میں مکمل طور پر شفافیت لانے کی ضرورت ہے ۔ کارپوریٹروں کے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کمشنر این منجوناتھ پرساد نے بتایا کہ جرمنی کی ایک ٹیلی ویژن نے دنیا کے بہترین ہوٹل نظام کے متعلق 26 منٹ پر مشتمل ایک ڈاکیومنٹ تیار کیا ہے ۔ جس میں تقریباً 6منٹ تک اندرا کیٹین کے متعلق رپورٹ بھی شامل ہے ۔ رپورٹ میں اندرا کینٹین کو بہترین کینٹین بتایا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ہر کینٹین کیلئے ایک مہینہ تک درکار غذائی اشیاء کی تفصیل حاصل کرنے کے بعد ہی انہیں مقررہ مقدار میں اشیاء سپلائی کی جارہی ہے ۔ غذا کی بچت ہونے کی صورت میں کنٹراکٹروں کو نقصان نہ پہنچنے کے مقصد سے انہیں مکمل رقم ادا کی جاتی ہے ۔ اس لئے اس میں کوئی نقص نہیں ہے ۔ کارپوریٹرس کی طرف سے مشورے دیئے جانے کی صورت میں اس پر غور کرنے کے بعد چند تبدیلیاں لائی جائیں گی ۔ 


Share: